اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دنیا کے آبی ذخائر کے عالمی دن پر قوم کے نام پیغام جاری کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ دنیا کے آبی ذخائر کا عالمی دن پاکستان اور اقوام عالم کو آبی ذخائر کے دیر پا تحفظ اور انتظام کے عزم کے اعادہ کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال یہ دن ”آبی ذخائر اور روایتی علم: ثقافتی ورثے کی پاسداری “ کے نہایت موزوں عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، یہ عنوان ہمیں آبی ذخائر کے ثقافتی پس منظر اور اہمیت کی یاد دہانی کراتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان1971 کے آبی ذخائر کے عالمی معاہدے کا رکن ہے جس کے تحت نوع انسانی کے لیے آبی ذخائر کے استعمال اور ان کے وسائل کے تحفظ کو اجاگر کیا جاتا ہے، یہ عالمی دن اسی معاہدے کی یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ قابل بھروسہ آبی ذخائر کسی بھی ملک کے لیے شدید ماحولیاتی اور معاشی مسائل سے نبرد آزما ہونے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، یہ ذخائر خشک سالی، سیلاب اور شدید موسمیاتی تغیر سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے آبی ذخائر، بشمول جھیلیں اور گلیشیئر، اندرونی آبی ذخائر اور ساحلی و مینگروو حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، ماحولیاتی تغیر سے بچاؤ اور پانی کے نظم و نسق کا باعث ہیں۔
مزید پڑھیں: آبی ذخائر میں پانی کی صورتحال بہتر
انہوں نے کہا کہ لاکھوں پاکستانیوں کے لیے آبی ذخائر ذریعہ معاش اور روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ ہیں، آبی ذخائر میں کمی لوگوں کے روزگار میں کمی، قومی سطح پر خوراک کی قیمتوں میں اضافہ اور سیلاب اور خشک سالی کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آبی ذخائر کا تحفظ محض موسمیاتی تغیر سے بچنے کے لیے ماحولیاتی فریضہ نہیں بلکہ یہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر سماجی فلاح و بہبود کا ضامن ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے انڈس واٹرز ٹریٹی 1960 کے مکمل اور منصفانہ نفاذ پر یقین رکھتا ہے، پانی کو جنگی ہتھیار استعمال کرنے کی کوششوں کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی سمجھتا ہے اوربھرپور انداز میں مسترد کرتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئیے آج کے دن تجدید عہد کریں کہ نہ صرف انفرادی بلکہ اجتماعی سطح پر ہم آبی ذخائر کو اپنا بیش قیمت قومی، ماحولیاتی، سماجی و ثقافتی اثاثہ سمجھتے ہوئے اسکے تحفظ کے لیے بھرپور کوشش کریں گے، عالمی سطح پر حکومت پاکستان ممالک کے درمیان آبی ذخائر کے منصفانہ، قانونی اور پرامن استعمال کے فروغ کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔


















