پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی یونیورسٹی آف تربت کے اساتذہ و طلبہ کے ساتھ خصوصی معلوماتی نشست کا انعقاد ہوا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی یونیورسٹی آف تربت آمد پر اساتذہ، فیکلٹی ممبران اور طلباء نے پرتباک خیرمقدم کیا، طلباء اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کے دوران قومی سلامتی اور دیگر اہم امور پر مفصل گفتگو ہوئی۔
اساتذہ اور طلباء نے مسلح افواج کے ساتھ قومی سلامتی کو درپیش خطرات کیخلاف متحد ہو کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اساتذہ کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ نشست کافی معلوماتی رہی، پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل ہے۔
طلباء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ نشست سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ ملاقات ہمارے خیالات اور رویوں میں تبدیلی کا باعث بنے گی۔
نشست کے اختتام پر شرکاء نے قومی یکجہتی، شعور اور مثبت بیانیہ کے فروغ کیلئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر اتفاق کیا۔


















