کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے شبِ برات کے موقع پر صوبے بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اس سلسلے میں تمام اضلاع کے ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور درگاہوں پر خصوصی سیکیورٹی اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ مذہبی اجتماعات، محافلِ شبِ برات اور کھلے مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے اور موبائل گشت میں اضافہ کیا جائے جبکہ ممکنہ طور پر حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر اسنیپ چیکنگ، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے استعمال کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزارات اور درگاہوں پر آنے والے زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے خصوصی پلان مرتب کیا جائے، جبکہ کھلے میدانوں اور قبرستانوں میں ہونے والی عبادات کے دوران بھی مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
وزیر داخلہ سندھ نے پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مکمل رابطے اور کوآرڈینیشن برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شبِ برات کے دوران کنٹرول رومز 24 گھنٹے فعال رکھے جائیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری ردعمل اور بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ ٹریفک پولیس مذہبی مقامات اور بڑے اجتماعات کے اطراف مؤثر ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کرے جبکہ ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ رکھا جائے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام سے اپیل ہے کہ سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ شخص یا چیز کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شبِ برات کے موقع پر پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔


















