Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لاہور جشن بسنت؛ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بڑا عوامی ریلیف

حکومت پنجاب نے بسنت کے دوران فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی خصوصی اقدامات کیے

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بسنت کے موقع پر شہریوں کے لیے بڑا ریلیف پیکیج متعارف کراتے ہوئے 6، 7 اور 8 فروری کو مفت پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

 اس دوران بسیں، میٹرو بس، اورنج لائن میٹرو ٹرین اور یانگو رکشہ تینوں دن بلا معاوضہ دستیاب ہوں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بسنت کو ذمہ داری اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ منائیں اور موٹر سائیکل اور ذاتی گاڑیاں گھروں میں رکھیں تاکہ سڑکوں پر ٹریفک دباؤ کم ہو اور فضائی آلودگی میں کمی آئے۔

 انہوں نے کہا کہ عوام کی حفاظت، آسان سفر اور بہتر ماحول حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

حکومت پنجاب نے بسنت کے دوران فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیجیٹل میپنگ کے ذریعے آلودگی کے ذرائع کی فوری نشاندہی کی جائے گی، اسموگ کنٹرول روم مکمل فعال ہوگا اور ڈرونز و کیمروں کے ذریعے فیلڈ مانیٹرنگ سختی سے کی جائے گی۔

تمام صنعتی یونٹس کی ای پی اے کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جائے گی جبکہ بھٹوں، فیکٹریوں اور گاڑیوں کے اخراج پر بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا اور مانیٹرنگ ٹیمیں ہر وقت متحرک رہیں گی۔

علاوہ ازیں بزرگ شہریوں اور مریضوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بسنت کے موقع پر سب کے لیے محفوظ اور صحت مند ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں