لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں کھلے مین ہول میں گرنے کے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والی خاتون اور اس کی کمسن بچی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آگئے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں ماں بیٹی کی موت شدید جسمانی چوٹوں کے باعث ہوئی، جاں بحق خاتون سعدیہ اور 9 ماہ کی بچی ردا فاطمہ کے سروں پر گہرے زخموں کے واضح نشانات پائے گئے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون سعدیہ کے دائیں کندھے کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی جب کہ اس کی کمر پر متعدد چوٹوں کے آثار موجود تھے۔
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ کمسن بچی ردا فاطمہ کی گردن کی ہڈی بھی ٹوٹی ہوئی پائی گئی جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ گرنے کے دوران شدید ضرب لگی۔
طبی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ دونوں ماں بیٹی کی موت سر اور گردن کی ہڈیوں کے ٹوٹنے کے باعث واقع ہوئی۔
پوسٹ مارٹم کو ایک خاتون ڈاکٹر نے انجام دیا جس کے بعد رپورٹ کو سیل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ بدھ کے روز پیش آیا تھا جس نے شہری انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی غفلت پر کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
















