ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے ضلع اٹک کے تاریخی شہر حسن ابدال میں واقع سکھوں کے مقدس مقام گردوارہ سری پنجہ صاحب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حاضری دی، خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور سکھ برادری کے ساتھ لنگر بھی تناول کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پنجاب کے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے جب کہ اعلیٰ سول اور پولیس افسران بھی موجود رہے۔
پنجاب حکومت نے اس موقع پر صوبے میں موجود تاریخی مذہبی مقامات کی تزئین و آرائش اور بحالی کے جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
ہر سال بیساکھی سمیت مختلف مذہبی مواقع پر ہزاروں مقامی اور غیر ملکی سکھ یاتری پاکستان کا رخ کرتے ہیں جو پاکستان میں مذہبی آزادی، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا عملی ثبوت ہے۔
ورلڈ بینک کے صدر کی گردوارہ پنجہ صاحب آمد کو عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص، مذہبی برداشت اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
اس دورے سے نہ صرف بین الاقوامی خیرسگالی کو فروغ ملا بلکہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور جامع طرزِ حکمرانی کے حکومتی مؤقف کو بھی تقویت ملی۔
واضح رہے کہ تاریخی مذہبی مقامات کی بحالی اور بہتر سہولیات کی فراہمی سے پاکستان میں مذہبی سیاحت کو مزید فروغ ملے گا جس سے نہ صرف بین الاقوامی زائرین کی تعداد بڑھے گی بلکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
















