Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گرین شرٹس ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے سری لنکا روانہ

پاکستان ٹیم ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی

پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے لاہور سے سری لنکا روانہ ہو گئی، جہاں قومی اسکواڈ عالمی ایونٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے گا۔

پندرہ رکنی اسکواڈ کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں، جبکہ ٹیم میں ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف اور فخر زمان جیسے تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ خواجہ نافع، محمد نواز، سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان اور عثمان طارق بھی ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

قومی ٹیم سری لنکا پہنچنے کے بعد آج اور کل آرام کرے گی، جس کے بعد 4 فروری کو آئرلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ کھیل کر ٹورنامنٹ کی عملی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔

پاکستان ٹیم ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی، جبکہ دوسرا مقابلہ 10 فروری کو امریکا کے خلاف شیڈول ہے۔ قومی ٹیم اپنا چوتھا میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گی۔

ادھر حکومت کے فیصلے کے تحت پاکستان ٹیم 15 فروری کو شیڈول بھارت کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کرے گی۔ اس فیصلے کے باعث ٹورنامنٹ کے شیڈول میں پاکستان کے میچز خاصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔