Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کا دورہ جی ایچ کیو؛ فیلڈ مارشل سے ملاقات

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا لیبیا کے ساتھ دفاعی و عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ۔

راولپنڈی: لیبین عرب آرمڈ فورسز کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر دورہ پاکستان کے موقع پر جی ایچ کیو آمد پہنچے، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر نے پاکستان کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ ڈپٹی کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر بھی موجود تھے۔

لیبیا کی اعلیٰ عسکری قیادت کی جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران پاک اور لیبیا کی عسکری قیادت نے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو میں خطے کی سکیورٹی صورتحال، پیشہ ورانہ تعاون، تربیتی روابط اور ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پاک لیبیا مسلح افواج کے درمیان مسلسل رابطہ کاری اور تعاون علاقائی امن و استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیا کے ساتھ دفاعی و عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیشہ ورانہ مہارت، تربیت اور تعاون کے ذریعے دوستانہ ممالک کے ساتھ روابط کو فروغ دیتا رہے گا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر نے پاکستان کے تعاون اور خیرسگالی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے اور قریبی رابطے برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر نے شہداء کی یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ نور خان ایئر بیس پر آرمی چیف نے لیبین کمانڈر کا پرتپاک استقبال کیا جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس دورے نے پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی، عسکری اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کی توثیق کی ہے جب کہ دونوں ممالک نے باہمی اعتماد اور دوستی کی بنیاد پر تعلقات کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔