شہر قائد کے مصروف ترین علاقے صدر موبائل مارکیٹ میں واقع النجیبی بلڈنگ (نجی ٹاور) میں شدید آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آگ نجی عمارت کے اندر لگی ہے جس سے دھواں اور شعلے بلند ہو رہے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہو گئیں۔ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس کی کیفیت پائی جا رہی ہے۔
یہ واقعہ صدر کے تجارتی مراکز میں حالیہ آتشزدگیوں کی سیریز کا تازہ ترین واقعہ ہے، جہاں فائر سیفٹی کے فقدان پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ تاحال آگ کی وجہ اور جانی/مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق عمارت میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں جبکہ آگ نے متعدد گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت 4 گاڑیاں آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ اسنارکل بھی منگوا لی گئی ہے۔
فائر بریگیڈ کے فائر فائٹرز نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد نجی پلازہ میں لگی آگ پر قابو پا لیا ہے، آگ عمارت کے ساتویں فلور پر پارکنگ ایریا میں لگی، عمارت میں پھنسے افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صدر میں واقع موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی کا نوٹس لے لیا ہے اور کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے متاثرہ عمارت میں فوری ریسکیو اور امدادی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے اسباب اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
















