اسلامی فوجی انسدادِ دہشت گردی اتحاد (آئی ایم سی ٹی سی) کے سیکریٹری جنرل میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف سے ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے پر اتفاق کیا اور انٹیلی جنس شیئرنگ، صلاحیت سازی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلامی فوجی اتحاد کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلامی دنیا کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اور ہم آہنگ اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف اجتماعی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر آئی ایم سی ٹی سی کے سیکریٹری جنرل میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کے لیے ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور مشترکہ تربیتی و عملی اقدامات کو فروغ دیا جائے گا۔
آئی ایم سی ٹی سی وفد 2 سے 6 فروری 2026 تک پاکستان کے دورے پر ہے، جس کے دوران اتحاد کی ٹیم نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں ایک خصوصی تربیتی پروگرام میں شرکت کرے گی۔
تربیتی پروگرام میں انتہا پسند عناصر کی بحالی، ڈی ریڈیکلائزیشن اور سماجی انضمام کے موضوعات پر ایک ہفتے پر مشتمل خصوصی سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں۔
















