شہر قائد میں شبِ برات کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ کراچی پولیس چیف آزاد خان نے تمام زونل ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز کو خصوصی احکامات جاری کیے ہیں۔
پولیس چیف کے مطابق شہر بھر میں مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، قبرستانوں اور درگاہوں پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ مرکزی شاہراہوں اور اندرونی گلیوں میں پولیس موبائل اور موٹر سائیکل گشت میں نمایاں اضافہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق شبِ برات کی محافل اور مذہبی اجتماعات کے منتظمین سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ایس ایس پی ساؤتھ محظور علی کا کہنا ہے کہ شبِ برات کے موقع پر سیکیورٹی کے بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں اور پولیس مکمل طور پر الرٹ رہے گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
















