Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شبِ برات، میئر کراچی کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن کے خصوصی انتظامات مکمل

واٹر ٹینکرز اور سبیلیں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو پانی کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایات پر واٹر کارپوریشن نے شبِ برات کے موقع پر شہر بھر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل کر دیے ہیں۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق شہریوں کو شبِ برات کے دوران کسی بھی قسم کی دشواری سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے بتایا کہ شہر بھر میں پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے، جبکہ قبرستانوں، مزاروں، مساجد اور عبادت گاہوں کے اطراف خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبرستانوں اور عبادت گاہوں کے اطراف نکاسیٔ آب سے متعلق تمام شکایات کا مکمل ازالہ کر دیا گیا ہے، اور شبِ برات کی رات قبروں پر پانی ڈالنے کے لیے بلا تعطل فراہمی جاری رکھی جائے گی۔

اس مقصد کے لیے واٹر ٹینکرز اور سبیلیں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو پانی کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سی او او انجینئر اسد اللہ خان نے بتایا کہ سبیلیں اور ہائیڈرنٹس کی نگرانی سیل انچارج ایاز حسین تنیو اور فوکل پرسن شہباز بشیر خود کر رہے ہیں تاکہ پانی کی دستیابی ہر مقام پر یقینی ہو۔

ترجمان کے مطابق وادیِ حسین، میوہ شاہ، عیسیٰ نگری، سخی حسن، محمد شاہ، نیو کراچی، لیاقت آباد، خاموش کالونی، سچل گوٹھ، پہلوان گوٹھ، کورنگی، شاہ فیصل اور ماڈل کالونی کے قبرستانوں میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر یقینی بنا دی گئی ہے۔

شہری شبِ برات کی عبادات اور قبروں کی زیارت بلا کسی رکاوٹ کے انجام دے سکیں، یہ واٹر کارپوریشن کا بنیادی مقصد ہے۔