اسلام آباد: پاکستان کو امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے جس کی باضابطہ تصدیق دفتر خارجہ نے کردی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستان مذاکرات میں حصہ لے گا جب کہ یہ مذاکرات جمعہ کو ترکیہ کے شہر استنبول میں دوبارہ شروع ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات ممکن بنانے میں پشت پناہی اور بیک ڈور چینل کوششیں کی گئی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان اور ترکیہ نے بھی ان مذاکرات کے لیے پس پردہ رابطے اور بیک ڈور کوششوں میں اہم کردار ادا کیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے علاوہ سعودی عرب اور قطر بھی شامل ہوں گے جب کہ مصر، عمان اور متحدہ عرب امارات کو بھی مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
امریکا کے نمائندہ خصوصی اسٹیو ویٹکوف اور ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی مذاکرات میں اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔
مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق جاری تنازع سفارت کاری کے ذریعے ختم کرنے کی کوششیں کی جائیں گی تاکہ خطہ نئی جنگ سے بچ سکے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے جوہری مذاکرات پانچویں دور کے بعد سے تعطل کا شکار تھے اور مئی 2023 میں معطل ہوگئے تھے۔
















