Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

دورے کے دوران قازقستان کے صدر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے

قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں ان کا صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نورخان ایئر بیس پر پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی کابینہ کے ارکان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

صدر قازقستان جب طیارے سے باہر آئے تو صدر مملکت اور وزیراعظم نے ان سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انہیں پھول پیش کیے اور دونوں ممالک کے پرچم تھامے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

قاسم جومارت توکایووف نے بھی ہاتھ ہلا کر بچوں کو جواب دیا، اور انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

دورے کے دوران قازقستان کے صدر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان-قازقستان بزنس فورم سے خطاب کریں گے۔

یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے، دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے، بالخصوص تجارت، لاجسٹکس، علاقائی رابطہ کاری، عوامی روابط اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے اہم موقع فراہم کرے گا۔

قازقستان کے صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، تاریخی اور ثقافتی قربتوں کو عملی تعاون میں بدلنے کے باہمی عزم کو اجاگر کرتا ہے اور خطے میں امن و ترقی کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش کی نمائندگی کرتا ہے۔