وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بسنت پنجاب کا ایک خوبصورت تہوار ہے جس میں عوام میں جوش و خروش دیدنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب خوبصورت ثقافت کا حامل صوبہ ہے اور بچوں کو پنجابی زبان سے روشناس کرانے کے لیے سائن بورڈز نصب کیے گئے ہیں، تاکہ صوبے اور زبان پر فخر پیدا کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے تمام بڑے شہر سیف سٹی سے منسلک ہیں اور بسنت کے موقع پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کنٹرول روم اور مربوط مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں بھی بسنت کے حوالے سے طلب بڑھ رہی ہے، اور بیرون ملک سے بھی لوگ بسنت کے لیے آ رہے ہیں۔
مریم نواز نے بسنت کے معاشی اثرات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بسنت کے تہوار سے پنجاب میں اربوں روپے کا بزنس ہوا اور یہ عالمی سطح پر ملکی تشخص اجاگر کرنے کا ایک موقع ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فساد، انتشار اور گالم گلوچ کی سیاست کو مسترد کریں اور مثبت کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ کا قانون نافذ کر دیا ہے، اور گٹر کے ڈھکن چوری، بیچنے اور خریدنے والوں کو سزا دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے چہروں پر خوشی بکھیرنا اور بچوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔















