قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے کہاہے کہ دفاع کے شعبے میں پاکستان کی ترقی عالمی سطح پر تسلیم کی جاتی ہے۔
پاکستان اور قازقستان کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے 36 یادداشتوں اور معاہدوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے اس موقع پر کہا کہ دفاع کے شعبے میں پاکستان کی ترقی عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور معیشت کے شعبے میں تعاون فروغ پا رہا ہے اور ایک ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول کے لیے مل کر آگے بڑھیں گے۔
صدر جومارت نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں اور پاکستان قازقستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے۔
صدر جومارت نے پاکستان کے دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک مشترکہ اقدار اور روایات کے امین ہیں۔
انہوں نے مشترکہ اعلامیہ اور معاہدوں کو دوطرفہ تعلقات کے لیے اہمیت کا حامل قرار دیا اور تعلقات مضبوط بنانے میں وزیراعظم پاکستان کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر قاسم جومارت اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم نے یاد دلایا کہ قازقستان کے کسی صدر کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے جو 23 سال بعد ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر جومارت کے ساتھ تعمیری اور مثبت گفتگو ہوئی اور انہیں “نشان پاکستان” کے اعزاز سے نوازنا دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کا عکاس ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور دعا ہے کہ غزہ میں مستقل امن اور خوشحالی قائم ہو۔
تقریب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے، ریلوے شعبے میں تعاون، پلانٹ پروٹیکشن اور ویٹرنری، اور کان کنی و پیٹرولیم کے شعبوں میں ایم او یوز پر دستخط ہوئے۔
اس کے علاوہ، قیدیوں کے تبادلے اور میری ٹائم شعبے میں تعاون، نیز اقوام متحدہ کے امن مشنز میں مشترکہ تعیناتی کے لیے یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
آخر میں وزیراعظم پاکستان اور صدر قازقستان نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کر کے تعلقات کی مزید مضبوطی کو یقینی بنایا، جس سے اقتصادی، سیکیورٹی اور انسانی شعبوں میں تعاون کے نئے دروازے کھل گئے۔

















