جنوری میں شہر قائد میں آتشزدگی کے 225 واقعات پیش آئے، جن میں 2 بچوں اور 8 خواتین سمیت 83 افراد جاں بحق جبکہ 24 افراد زخمی ہوئے۔
یہ انکشاف محکمہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کا سب سے بڑا اور المناک واقعہ گل پلازہ میں پیش آیا۔ ضلع وسطی میں آگ لگنے کے سب سے زیادہ 30 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ صدر کے علاقے میں 18 واقعات پیش آئے۔
سہراب گوٹھ اور گلستانِ مصطفیٰ فائر اسٹیشن کی حدود میں بھی 18، 18 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔
مزید پڑھیں: لانڈھی گارمنٹ فیکٹری میں آتشزدگی ، عمارت منہدم ، 2 فائر فائٹرز زخمی
اعداد و شمار کے مطابق ناظم آباد میں 13، لیاری میں 9 اور سائٹ ایریا میں 11 آتشزدگی کے واقعات ہوئے۔
اسی طرح کورنگی میں 9 اور لانڈھی میں 3 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ اورنگی ٹاؤن اور شاہ فیصل کے علاقوں میں 8، 8 واقعات سامنے آئے۔ منظور کالونی میں 14 اور نیو کراچی فائر اسٹیشن کی حدود میں 13 واقعات پیش آئے۔
ریسکیو رپورٹ کے مطابق یکم جنوری کو لانڈھی میں سردی سے بچاؤ کے لیے جلائی گئی آگ سے جھلس کر ایک شخص جاں بحق ہوا۔
17 جنوری کو گل پلازہ میں لگنے والی آگ میں 8 خواتین اور ایک بچے سمیت 73 افراد جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے۔ 26 جنوری کو ملیر کھوکھراپار میں گھر میں آگ لگنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا، جبکہ 28 جنوری کو گلستانِ جوہر میں آگ کے واقعے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں بھی آتشزدگی کے ایک واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ ہاکس بے کے قریب کام کے دوران آگ لگنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔ اسی طرح کورنگی اور محکمہ موسمیات کے قریب کام کے دوران آگ لگنے کے واقعات میں بھی افراد زخمی ہوئے۔
محکمہ فائر بریگیڈ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور آتشزدگی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

















