Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی اے ٹی ایس 2026 کی افتتاحی تقریب، کثیر ملکی مشقوں کا آغاز

افتتاحی تقریب کے فوراً بعد 60 گھنٹوں پر مشتمل مسلسل پیٹرولنگ مشق کا آغاز کردیا گیا۔

راولپنڈی: 9 ویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ کمپیٹیشن (پی اے ٹی ایس) 2026 کی افتتاحی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد ہوئی جس کے ساتھ ہی بین الاقوامی سطح کی کثیر ملکی فوجی مشقوں کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پی اے ٹی ایس 2026 کا بنیادی مقصد دوست ممالک کے درمیان ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو فروغ دینا، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور باہمی تجربات کے تبادلے کو ممکن بنانا ہے۔

افتتاحی تقریب کے فوراً بعد 60 گھنٹوں پر مشتمل مسلسل پیٹرولنگ مشق کا آغاز کردیا گیا جو شرکا کی جسمانی فٹنس، ذہنی صلاحیت اور فوری فیصلہ سازی کی مہارتوں کو جانچنے کے لیے ترتیب دی گئی ہے۔

مشقوں میں پاک فوج اور پاک بحریہ سمیت 16 ممالک کی ٹیمیں عملی مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں جب کہ مجموعی طور پر 19 دوست ممالک کی 24 بین الاقوامی ٹیمیں اس ایونٹ کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف ممالک کے فوجی مبصرین بھی مشقوں کا مشاہدہ کررہے ہیں۔

پی اے ٹی ایس 2026 میں امریکا، ترکیہ، سعودی عرب، قطر، بحرین، بنگلادیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، سری لنکا، ازبکستان اور دیگر ممالک کی ٹیمیں شریک ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ بطور مبصر اس بین الاقوامی فوجی مقابلے میں شرکت کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں