Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یومِ یکجہتی کشمیر: افواجِ پاکستان کا کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار

یو این قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ، پرامن حل ضروری ہے

راولپنڈی: یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر افواجِ پاکستان نے کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عسکری قیادت نے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کے بنیادی حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف نے یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے خصوصی پیغامات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی اور سیاسی منظرنامہ تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

پاک فوج نے اپنے بیان میں زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے جبکہ عالمی برادری کو چاہیے کہ کشمیری عوام کے مصائب کے خاتمے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر ثابت قدم ہیں اور کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گی۔

متعلقہ خبریں