سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن رد الفتنہ ون کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے 216 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کا آغاز 29 جنوری 2026 کو پنجگور اور ضلع ہرنائی کے مضافاتی علاقوں میں مستند انٹیلیجنس اطلاعات اور مقامی شہریوں کو درپیش فوری خطرات کے پیش نظر کیا گیا۔ ابتدائی مرحلے میں دہشت گردوں کے شناخت شدہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بھارتی پراکسی نیٹ ورکس سے وابستہ 41 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دہشت گرد عناصر معصوم شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا رہے تھے اور ان کا مقصد بلوچستان میں امن و ترقی کو سبوتاژ کرنا تھا۔ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے جارحانہ اور ثابت قدم ردعمل نے فتنۃ الہندوستان کی کوششوں کو مؤثر طور پر ناکام بنایا۔
بعد ازاں مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز شروع کیے گئے جن کا مقصد دہشت گردوں کے سلیپر سیلز کا مکمل خاتمہ تھا۔ مسلسل کومبنگ اور کلیئرنس آپریشنز کے ذریعے دہشت گرد نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچایا گیا، مربوط منصوبہ بندی اور مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 216 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان دہشت گرد حملے عالمی امن کے لیے خطرہ، اقوامِ متحدہ کا دوٹوک اعلان
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گرد نیٹ ورکس کی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول اور آپریشنل صلاحیت کو بری طرح متاثر کیا گیا، جبکہ غیر ملکی ساختہ اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور دیگر سازوسامان کی بڑی مقدار بھی برآمد کی گئی۔ ابتدائی تجزیے میں دہشت گردوں کو بیرونی معاونت اور لاجسٹک سپورٹ کے شواہد بھی ملے ہیں۔
آپریشن کے دوران 36 معصوم شہری جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں شہید ہوئے، جبکہ 22 سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے مادر وطن کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور انسداد دہشت گردی آپریشنز دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پوری قوت سے جاری رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق آپریشن ردالفتنہ ون بلوچستان اور پاکستان کے عوام کے امن، اتحاد اور ترقی کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔


















