مظفرآباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عظیم قربانیوں کے نتیجے میں جلد کشمیر کی آزادی ممکن ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آزادجموں وکشمیر قانون اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے بچے تک قربان کرسکتےہیں مگرحق آزادی سے دستبردار نہیں ہوسکتے، بابائےقوم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیا، یہ ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سےممکن ہے، کشمیریوں کا حق خودارادیت کا مطالبہ پورا ہونےتک حمایت جاری رکھیں گے، مقبوضہ وادی کے کونےکونے سے کشمیر بنےگا پاکستان کی آوازگونج رہی ہے، عظیم قربانیوں کے نتیجے میں جلد کشمیر کی آزادی ممکن ہوگی۔
شہبازشریف نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو ذلت آمیزشکست سے دوچارکیا، اللہ کے کرم، قوم کی دعاؤں، پاک فوج کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت فتح نصیب ہوئی، فیلڈمارشل کی قیادت میں بھارت کودی گئی شکست ان کی نسلیں بھی نہیں بھولیں گی، معرکہ حق میں شاندار فتح سے کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں اجاگر ہوا۔
انکا کہنا تھا کہ عسکری اور سفارتی محاذ پر بھارتی جھوٹ کا بیانیہ دفن ہوگیا، خارجہ محاذ پر بھی پاکستان نے زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکامیابی سے اجاگر کرنے پر نائب وزیراعظم کی کوششیں لائق تحسین ہیں، بھارت کے جارحانہ عزائم ترک کرنے تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، ہماری بہادر افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کا وہی حشر کریں گے جو بھارتی طیاروں کا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کو ان کی مرضی کے مطابق جینے کا حق دینا ضروری ہے، پاکستان نے اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر غزہ میں قیام امن کے لیے اقدامات کیے، ہم امن چاہتے ہیں لیکن یہ امن برابری کی سطح پر قائم ہوسکتا ہے، آزادکشمیرحکومت کے ساتھ مل کر انفرااسٹرکچر بہتربنانے کاعمل جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے مہاجرین کا وظیفہ3500 روپے بڑھا کر6 ہزار روپے ماہانہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قائد نوازشریف کے وژن کےمطابق کشمیرکاز، قومی ترقی کےاہداف حاصل کریں گے، کشمیری نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم کے لیے دانش یونیورسٹی کا سب کیمپس قائم کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ مظفرآباد میں اسلام آباد کی طرزکا خدمت سینٹر قائم کیا جائے گا، رواں سال 2ہزار 96 کشمیری طلبا کولیپ ٹاپس دیے گئے، مزید 1700 کشمیری طلبا کو لیپ ٹاپ فراہم کریں گے۔

















