اسلام آباد:ازبکستان کے صدر عزت مآب شوکت مرزائیوف آج پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
ازبک صدر مرزائیوف وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں جسے دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
نور خان ایئر بیس اسلام آباد پہنچنے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان بھی موجود تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر شوکت مرزائیوف کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے، جس میں ازبکستان کے سینئر کابینہ وزراء اور نمایاں کاروباری شخصیات شامل ہیں۔ دورے کا مقصد پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔
دورے کے دوران ازبک صدر صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے جب کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات بھی ہوں گے۔ ان مذاکرات میں دونوں ممالک کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔
مذاکرات میں خاص طور پر تجارت، توانائی، دفاع، تعلیم، عوامی روابط، علاقائی روابط اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔ دونوں فریقین مختلف شعبوں میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے اور باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
صدر شوکت مرزائیوف اپنے دورے کے دوران پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں اور کاروباری رہنماؤں کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ صدر شوکت مرزائیوف کا یہ پاکستان کا دوسرا سرکاری دورہ ہے جو پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات اور باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
















