Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کشمیر جلد عوام کی امنگوں اور تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا، فیلڈ مارشل

سید عاصم منیر نے اگلے مورچوں کا بھی دورہ کیا اور فرنٹ لائن پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔

مظفر آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورہ مظفرآباد کے موقع پر معززین اور سابق فوجیوں سے خطاب میں کہا کہ کشمیر جلد عوام کی امنگوں اور تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آزادی کشمیر کی جدوجہد کے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔

فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدائے جموں و کشمیر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور تحریکِ کشمیر کے شہداء کی بے مثال جرات، بہادری اور بے لوث قربانیوں کو سراہا۔

اس موقع پر معززین اور سابق فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں اور ہندوتوا پر مبنی زیادتیاں کشمیری عوام کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کو کبھی دبا نہیں سکتیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک دن ضرور اپنے عوام کی امنگوں اور اپنی تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک اپنی جدوجہد ہر عالمی فورم پر جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کی آواز دنیا تک پہنچاتا رہے گا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے کشمیر میں تعینات افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور جنگی تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر محاذ پر مکمل آپریشنل تیاری، چوکسی اور باہمی ہم آہنگی برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اگلے مورچوں کا بھی دورہ کیا اور فرنٹ لائن پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کسی بھی جارحیت کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔

مظفرآباد پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے جوانوں کے بلند حوصلے اور عزم کو سراہا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ مسلح افواج وطنِ عزیز کے دفاع اور کشمیری عوام کی حمایت میں اپنا کردار پوری قوت کے ساتھ ادا کرتی رہیں گی۔

متعلقہ خبریں