لاہور ایک بار پھر بسنت کے رنگوں میں رنگ گیا، رات بارہ بجتے ہی شہر میں تین روزہ بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، جس کے بعد آسمان پر رنگ برنگی پتنگوں کا راج نظر آیا۔
جشن بسنت کا افتتاح پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دہلی گیٹ کی چھت پر پتنگ اُڑا کر کیا۔ افتتاحی لمحے کے ساتھ ہی لاہور کی چھتوں پر قہقہوں، ڈھول کی تھاپ اور ”بوکاٹا“ کے نعروں کی گونج سنائی دینے لگی۔
بسنت کی خوشیاں دیکھتے ہی دیکھتے شہر کے مختلف علاقوں تک پھیل گئی نوجوان چھتوں پر پتنگ بازی میں مصروف رہے جبکہ کٹی پتنگیں لوٹنے کے لیے کئی منچلے گلیوں اور سڑکوں پر نکل آئے۔
خواتین نے بھی بسنت کے جشن کو بھرپور انداز میں منایا۔ ہاتھوں پر مہندی، رنگ برنگے ملبوسات اور خصوصی پکوانوں کے ساتھ بسنت کا استقبال کیا گیا جبکہ کئی خواتین خود بھی چھتوں پر پتنگ تھامے نظر آئیں۔
بسنت کے باعث شہر کی گلیاں اور سڑکیں بھی پتنگوں سے سجی دکھائی دیں، مہنگائی کے باوجود پتنگ اور ڈور کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ کئی علاقوں میں پتنگ اور ڈور کی قلت بھی دیکھنے میں آئی۔


















