لاہور میں 25 سال بعد تین روزہ بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زندہ دلانِ لاہور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شہریوں کو بسنت کی خوشیاں ذمہ داری کے ساتھ منانے کی اپیل کی ہے۔
مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ بسنت پنجاب کا ثقافتی ورثہ ہے اور ہمیں اپنی ثقافت پر فخر ہے، آج لاہور میں پتنگیں نہیں بلکہ خوشیاں اڑ رہی ہیں، لہٰذا شہری اپنی پریشانیاں بھلا کر نیلے افق کی طرف اُڑتی ہوئی گڈی پر توجہ مرکوز کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوشی کے ہر لمحے میں اپنے اردگرد موجود لوگوں کو بھی شریک کریں اور بسنت کے تہوار پر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
مریم نواز نے بسنت کے موقع پر عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے اعلان کیا کہ شہریوں کو تینوں دن مفت سفری سہولت فراہم کی جائے گی، بائیک یا ذاتی گاڑی کے بجائے شہری ہر روٹ پر مفت ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق عوام کے مفت آمدورفت کے لیے 419 بسیں تینوں دن دستیاب ہوں گی جبکہ بسنت کے دوران 60 ہزار سے زائد فری رائیڈز فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کی 25 سیٹوں پر مسافروں کو مفت سفر کی سہولت دی جائے گی جبکہ میٹرو بس، فیڈر بسیں اور گرین بسیں بھی فری ٹریول کی سہولت فراہم کریں گی۔ اس کے علاوہ 6 ہزار Yango رکشوں پر بھی فری رائیڈ کی سہولت دی جائے گی۔
مریم نواز نے بسنت کے موقع پر حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری مقررہ سائز اور معیار کے مطابق پتنگیں اور ڈور استعمال کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ممنوعہ ڈور کے استعمال پر بھاری جرمانے اور طویل قید کی سزا ہوسکتی ہے جبکہ دھاتی تار، تندی، بلٹ پروف مٹیریل اور چرخی کا استعمال غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ لاہور کے سول ایوی ایشن ایریاز میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ بائیک اور موٹر سائیکل رکشوں پر سیفٹی راڈ کا استعمال لازمی ہوگا۔
مریم نواز شریف نے شہریوں کو ہدایت کی کہ رجسٹرڈ مینوفیکچررز اور دکانداروں سے QR کوڈ لگی پتنگیں اور ڈور خریدیں، دکاندار بچوں کی خوشیوں میں رکاوٹ نہ بنیں اور پتنگ و ڈور مہنگی نہ بیچیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق بسنت کے موقع پر عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں، ہر تحصیل میں 15 محکموں پر مشتمل کوئیک رسپانس ٹیمیں قائم کی گئی ہیں۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کھلی چھت پر پتنگ بازی کرتے ہوئے احتیاط کریں اور اگر چھت پر منڈیر موجود نہ ہو تو اطراف میں کم ازکم نائیلون کی ڈور ضرور باندھیں جبکہ حفاظتی انتظامات کے بغیر پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ بسنت کے دوران تھرمل ڈرون کے ذریعے سرویلنس بھی جاری رہے گی جبکہ پولیس، ٹریفک وارڈنز اور دیگر ادارے شہریوں کی مدد کے لیے موجود رہیں گے۔

















