کراچی: شہر قائد کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کراچی الیکٹرک (کے الیکٹرک) کے سی ای او مونس علوی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کے استعفیٰ کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین مارک اسکیلٹن نے منظور کرلیا ہے جب کہ اس پیشرفت سے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک میں نئے چیف ایگزیکٹو کی تقرری کے لیے تین امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کر لیے گئے ہیں۔
یہ تینوں شخصیات کراچی سے تعلق رکھتی ہیں اور انرجی اور فنانس کے شعبوں میں وسیع پیشہ ورانہ تجربہ رکھتی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس آئندہ ہفتے متوقع ہے جب کہ بورڈ کا باضابطہ انتخاب رمضان المبارک کے دوران کیا جائے گا۔ نیا منتخب ہونے والا بورڈ ہی ادارے کے آئندہ چیف ایگزیکٹو کے تقرر کا حتمی اختیار رکھے گا۔
موجودہ بورڈ شارٹ لسٹ کیے گئے تینوں امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرنے کے بعد اپنی سفارشات پر مبنی رپورٹ نئے بورڈ کو پیش کرے گا جس کی روشنی میں نئے سی ای او کا فیصلہ کیا جائے گا۔
کے الیکٹرک کے بورڈ ممبران کی مجموعی تعداد 13 ہے تاہم طویل عرصے سے تین نشستیں خالی ہیں۔ مونس علوی کے استعفے کے بعد اس وقت بورڈ کے فعال اراکین کی تعداد 9 رہ گئی ہے۔

















