کوٹ لالو میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران تین نوجوانوں کے قتل کے بعد انتظامیہ نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری اقدامات کر لیے ہیں۔
آئی جی سندھ نے بول نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کے سربراہ ایس ایس پی جیکب آباد مقرر کیے گئے ہیں۔
کمیٹی کے دیگر ارکان میں اے ایس پی رتو ڈیرو اور ڈی ایس پی گڑھی یاسین شامل ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 5 دن کے اندر اپنی رپورٹ جمع کروائیں۔ واقعے کے بعد ڈی آئی جی سکھر نے ایس ایچ او کوٹ لالو کو سسپنڈ کر دیا ہے۔
واقعے کے خلاف لواحقین اور وکلاء نے گزشتہ دو دن سے دھرنا دیا ہوا ہے، جس کے باعث مہران ہائی وے مکمل طور پر بلاک ہے اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایس ایس پی جیکب آباد نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ انصاف جلد حاصل ہو۔

















