Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں ہولناک آگ، شہر بھر کی فائر بریگیڈ طلب، رینجرز اور واٹر کارپوریشن بھی متحرک

سندھ رینجرز بھی صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی

کراچی کے صنعتی علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں قائم پلاسٹک فیکٹری میں اچانک لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی، جس کے بعد شہر بھر سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کر لی گئیں۔

واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا جبکہ امدادی ادارے فوری طور پر حرکت میں آگئے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 12 سے زائد فائر ٹینڈرز اور دو اسنارکلز موقع پر روانہ کی گئیں، جبکہ کے ایم سی کی مزید دو اسنارکلز اور آٹھ گاڑیاں بھی آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہی ہیں۔

اسٹیشن افسر ظفر خان کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف اسٹیشنز سے گاڑیاں بھیجی گئی ہیں تاکہ آگ کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خود ایکسپورٹ پروسیسنگ زون پہنچ کر ریسکیو آپریشن کی نگرانی شروع کر دی۔

ان کا کہنا ہے کہ مختلف شاہراہوں پر جاری احتجاج کے باعث فائر بریگیڈ کی آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں، تاہم ادارے مکمل تعاون کے ساتھ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ڈی سی ملیر اور ریسکیو 1122 کی درخواست پر واٹر کارپوریشن نے بھی فوری مدد فراہم کی۔ سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور متعدد واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ پر روانہ کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور آگ پر مکمل قابو پانے تک سپلائی جاری رہے گی۔

سندھ رینجرز بھی صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ ترجمان رینجرز کے مطابق اہلکاروں نے متاثرہ عمارت کے اطراف کارڈن قائم کر کے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بھاری نفری تعینات کر دی ہے۔

رینجرز، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں مشترکہ طور پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔