Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

شہداء کی نماز جنازہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ حسین مقدسی نے پڑھائی

اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ میں ہونے والے بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

 شہداء کی نماز جنازہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ حسین مقدسی نے پڑھائی، جس میں وفاقی وزیر سردار محمد یوسف، طارق فضل چودھری، راجہ خرم نواز اور سینیٹر نئیر بخاری سمیت ہزاروں کی تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔

مجموعی طور پر امام بارگاہ ترلائی میں 11 شہداء کی نماز جنازہ ادا کی گئی جبکہ اس موقع پر فضا سوگوار رہی اور شرکاء نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

 ترلائی امام بارگاہ میں ہونے والے دھماکے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 31 معصوم نمازی شہید جبکہ 169 زخمی ہوگئے۔