اسلام آباد: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے رواں سال صدقہ فطر اور فدیۂ صوم کا باقاعدہ نصاب جاری کردیا ہے۔
علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کا کہنا ہے کہ اس سال صدقہ فطر اور فدیۂ صوم کی کم از کم رقم 300 روپے فی کس مقرر کی گئی ہے۔
ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کے مطابق گندم کے حساب سے صدقہ فطر اور فدیۂ صوم 300 روپے، جو کے حساب سے 1100 روپے اور کھجور کے حساب سے 1600 روپے ادا کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح کشمش کے حساب سے 3800 روپے اور منقیٰ کے حساب سے 5400 روپے صدقہ فطر اور فدیۂ صوم ادا کیا جائے گا جب کہ سرکاری آٹے کے حساب سے یہ رقم 200 روپے مقرر کی گئی ہے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے واضح کیا کہ صدقہ فطر ہر آزاد و غلام، مرد و عورت، چھوٹے اور بڑے مسلمان پر فرض ہے۔
انہوں نے صاحبِ استطاعت افراد کو تلقین کی کہ وہ صرف گندم کے نصاب پر اکتفا کرنے کے بجائے اپنی مالی حیثیت کے مطابق صدقہ فطر ادا کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کی مدد ہوسکے۔
علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بتایا کہ جان بوجھ کر روزہ توڑنے کا کفارہ مسلسل 60 روزے رکھنا یا 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تیس روزوں کے فدیے کے لیے گندم کے حساب سے 9 ہزار روپے، جو کے حساب سے 33 ہزار روپے، کھجور کے حساب سے 48 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔
اسی طرح کشمش کے حساب سے تیس روزوں کا فدیہ 1 لاکھ 14 ہزار روپے اور منقیٰ کے حساب سے 1 لاکھ 62 ہزار روپے بنتا ہے جب کہ سرکاری آٹے کے حساب سے تیس روزوں کا فدیہ 6 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق نصاب وزن کے لحاظ سے گندم کا نصف صاع یعنی احتیاطاً 2 کلوگرام جب کہ جو، کھجور اور منقیٰ کا ایک صاع یعنی احتیاطاً 4 کلوگرام بنتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں کے رہائشی اپنے اپنے علاقوں میں اجناس کی مقامی قیمتوں کے مطابق صدقہ فطر اور فدیۂ صوم ادا کریں۔




















