Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کا نیپرا کے سولر ریگیولیشنز کے اجراء کا فوری نوٹس

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پاور ڈویژن نیپرا کو سولر کے موجودہ صارفین کے کنٹریکٹ کے تحفظ کے حوالے سے فوراً نظر ثانی کی اپیل دائر کرے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیپرا کی جانب سے سولر کے حوالے سے نئے ریگیولیشنز کے اجراء کا فوری نوٹس لے لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیپرا کی جانب سے نئے ریگیولیشنز کے اجراء پر بلائے گئے اعلی سطح خصوصی اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا

وزیراعظم  نے دوران اجلاس ہدایت دی کہ پاور ڈویژن نیپرا کو سولر کے موجودہ صارفین کے کنٹریکٹ کے تحفظ کے حوالے سے فوراً نظر ثانی کی اپیل دائر کرے تاکہ موجودہ کنٹریکٹس کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سولر صارفین کے لیے نیپرا کی نئی تجاویز: کیا نقصانات ہو سکتے ہیں؟

وزیرِاعظم نے اجلاس میں کہا کہ سولر سے مستفید ہونے والے 4 لاکھ 66 ہزار صارفین کا بوجھ 3 کروڑ 76 لاکھ سے زائد صرف نیشنل گرڈ سے بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر نہ پڑے، اس حوالے سے پاور ڈویژن جامع لائحہ عمل تشکیل دے۔

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطااللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر نجکاری محمد علی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ حکومت نے سولر صارفین کیلئے بلنگ کا نیا نظام نافذ کردیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس کے ذریعے 2015ء کی نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز ختم کردی گئی ہیں، تاہم پرانے معاہدے اپنی مدت پوری ہونے تک برقرار رہیں گے، ان کی تجدید کے وقت نئی نیٹ بلنگ ریگولیشنز کا اطلاق ہوگا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے نیٹ میٹرنگ کے پرانے نظام کو ختم کرکے نیٹ بلنگ کا نیا قانون نافذ کیا ہے، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، اس نئے قانون کا اطلاق ناصرف گھریلو اور صنعتی صارفین پر ہوگا بلکہ بائیو گیس، ونڈ و دیگر صاف ذرائع سے بجلی پیدا کرنے والے افراد بھی اس کے دائرہ کار میں آئیں گے اگر ان کی پیداواری صلاحیت ایک میگاواٹ تک ہوگی۔

متعلقہ خبریں