Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ترلائی، وزیر اعظم کی امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ آمد، شہدا کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا بڑا اعلان

وزیراعظم نے شہید عون عباس کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا

وزیراعظم شہباز شریف ترلائی میں امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ پہنچے جہاں انہوں نے حالیہ اندوہناک واقعے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ اور زخمیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ سانحہ پوری قوم کے لیے انتہائی دکھ اور صدمے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ دل اس واقعے پر شدید رنجیدہ ہے اور حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے نوجوان عون عباس کی بہادری اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرات کو سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ مسلمانوں کے درمیان نفرت اور تفریق پھیلانے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان اور سیکیورٹی ادارے ملک کے تحفظ کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں اور قوم متحد ہو کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنائے گی۔

وزیراعظم نے شہید عون عباس کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا، جبکہ دیگر شہدا کے لواحقین کے لیے فی کس 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیا۔ زخمیوں کے لیے بھی فی کس 30 لاکھ روپے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

مختلف مکاتب فکر کے علما کرام نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قومی اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔