Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پرسکون موت یا نظام کی ناکامی؟ پنجاب کے چڑیا گھروں میں 9 بیمار شیروں کو ہلاک کر دیا گیا

جانور ناقابلِ علاج حالت میں تھے اور ان کی تکلیف کم کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا، حکام

پنجاب کے سرکاری چڑیا گھروں میں موجود بیمار اور لاعلاج شیروں کو مارے جانے کا معاملہ سامنے آنے پر عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران صوبے بھر میں 9 شیروں کو “پرسکون موت” دی گئی۔

ایڈیشنل چیف وائلڈ لائف رینجرز سنٹرل پنجاب مدثر حسن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پنجاب کیپٹو وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے کیا گیا۔

ان کے مطابق بہاولپور زو، سفاری زو اور لاہور زو میں موجود شیروں کو شدید بیماری اور معذوری کے باعث تکلیف کا سامنا تھا، جس کے پیش نظر انہیں ہلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

حکام کا مؤقف ہے کہ جانور ناقابلِ علاج حالت میں تھے اور ان کی تکلیف کم کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا۔ تاہم ناقدین سوال اٹھا رہے ہیں کہ آخر یہ نوبت کیوں آئی؟ کیا ان شیروں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی گئیں؟ کیا ان کی بیماریوں کی تشخیص اور علاج کے لیے عالمی معیار کی ویٹرنری سہولتیں موجود تھیں؟

جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر چڑیا گھروں میں مناسب دیکھ بھال، خوراک اور طبی نظام بہتر ہوتا تو شاید قیمتی جانوروں کو یوں جان سے ہاتھ نہ دھونا پڑتا۔ سوشل میڈیا پر بھی صارفین اس اقدام پر شدید ردعمل دے رہے ہیں اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں