اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان گفتگو میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خوشگوار اور نہایت گرمجوش ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ اسلام آباد اور رحیم یار خان میں ہونے والی اپنی ملاقاتوں کو یاد کیا۔ یہ ملاقاتیں متحدہ عرب امارات کے صدر کے پاکستان کے سرکاری دورے کے موقع پر ہوئی تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل حالات میں پاکستان کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں قائدین نے قریبی رابطے میں رہنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

















