Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہباز شریف کا چیئرمین بی این پی طارق رحمان کو ٹیلی فون، تاریخی کامیابی پر مبارکباد

دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے چیئرمین طارق رحمان کو ٹیلی فون کیا اور عام انتخابات میں تاریخی اور شاندار کامیابی پر عوام اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے بنگلادیش کے عوام کو عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر بھی مبارکباد دیتے ہوئے اس عمل کو جمہوری تسلسل کی علامت قرار دیا۔

انہوں نے بنگلادیش کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے بنگلادیش کی سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے میں ان کے کلیدی کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے طارق رحمان کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جس پر طارق رحمان نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کو بنگلادیش آنے کی دعوت دی۔

دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں