اسلام آباد: پاکستان نے مغربی کنارے میں اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات مسترد کر دیے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان مقبوضہ مغربی کنارے کو نام نہاد اسرائیلی ریاستی ملکیت میں تبدیل کرنے اور غیر قانونی بستیوں کی توسیع کے لیے اسرائیلی کوشش کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں، اسرائیلی اقدامات کو عالمی برادری کی جانب سے مسترد کیا جانا چاہیے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی مسلسل خلاف ورزی اور اشتعال انگیز اقدامات منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کے امکانات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کی بے محاسبہ کارروائیوں کا خاتمہ یقینی بنائے، عالمی برادری بین الاقوامی قانون کے احترام کو نافذ کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔



















