بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی رپورٹ سامنے آ گئی جس کے مطابق آنکھوں کی صحت میں واضح بہتری نوٹ کی گئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی رپورٹ کے مطابق 15 فروری 2026 کو میڈیکل بورڈ نے ان کا تفصیلی چیک اپ مکمل کیا اور آنکھوں کی صحت میں واضح بہتری نوٹ کی گئی۔
میڈیکل بورڈ میں الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خان شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق سنٹرل میکیولر تھکنس 550 سے کم ہو کر 350 ہوگئی جبکہ متاثرہ دائیں آنکھ کی بینائی 6/36 سے بہتر ہو کر 6/9 ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بغیر عینک دائیں آنکھ کی بینائی 6/24 اور بائیں آنکھ کی 6/9 ریکارڈ کی گئی، جبکہ عینک کے ساتھ دائیں آنکھ 6/9 اور بائیں آنکھ 6/6 ہو گئی ہے۔
میڈیکل بورڈ نے آئندہ علاج، ادویات اور مزید ٹیسٹ بھی تجویز کیے ہیں جن میں آئی ڈراپس کا باقاعدہ استعمال اور اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن کی اگلی خوراک شامل ہے۔
مزید تشخیص کیلئے او سی ٹی اینجیوگرافی اور بعد از علاج ایف ایف اے ٹیسٹ کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ میڈیکل بورڈ کے اڈیالہ جیل کے دورے کے بعد پارٹی رہنما گوہر خان اور راجہ ناصر عباس کو ماہرین نے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ذاتی معالجین ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر خرم مرزا کو بھی فون پر آگاہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پارٹی قیادت اور ذاتی معالجین نے جاری علاج اور فالو اپ پلان پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ طبی رپورٹ متعلقہ ڈاکٹروں کے دستخط سے جاری کی گئی ہے۔

















