وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نو منتخب وزیرِاعظم بنگلا دیش کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے ڈھاکہ روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ اس اہم موقع پر حکومتِ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
تقریب بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں منعقد ہوگی جہاں مختلف ممالک کے وفود کی شرکت بھی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق احسن اقبال اپنے دورے کے دوران بنگلا دیشی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی شراکت داری اور علاقائی تعاون کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان، بنگلا دیش کے ساتھ باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر تعلقات کو مزید مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں میں مشترکہ اقدامات کو وسعت دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیرِاعظم پاکستان بیرونِ ملک مصروفیات کے باعث اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے، جس کے پیشِ نظر احسن اقبال کو سرکاری سطح پر نمائندگی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔


















