Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ویانا، شہباز شریف نے جرمن زبان میں خطاب کر کے سب کو حیران کر دیا

پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، وزیر اعظم

ویانا میں سفارتی ملاقات اُس وقت یادگار بن گئی جب وزیرِاعظم شہباز شریف نے آسٹریا کے چانسلر کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران جرمن زبان میں گفتگو کر کے حاضرین کو حیران کر دیا۔

یہ پہلا موقع قرار دیا جا رہا ہے کہ کسی پاکستانی وزیرِاعظم نے بیرونِ ملک سرکاری دورے کے دوران غیر ملکی زبان میں باقاعدہ خطاب کیا۔

وزیراعظم نے جرمن میں چانسلر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دوبارہ ملاقات پر خوشی ہے اور انہیں گزشتہ برس نیویارک میں ہونے والی ملاقات بخوبی یاد ہے۔ انہوں نے چانسلر کی قیادت اور پاکستان–آسٹریا تعلقات کو مضبوط بنانے میں دلچسپی کو سراہا۔

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں نوجوانی کے زمانے میں آسٹریا کے دورے کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ موزارٹ کے شہر سالزبرگ اور ویانا میں واقع شوئن برن محل دیکھ چکے ہیں، جبکہ ویانا اسٹیٹ کے دورے اور روایتی ویانا کافی کا لطف اٹھانے کی یادیں بھی تازہ کیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ لاہور میں آسٹریا کے تعاون سے قائم ثقافتی مرکز دونوں ممالک کی دوستی کی علامت ہے اور وہ خود اس کے پیٹرن ہیں۔ انہوں نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور آسٹریا کے ساتھ شراکت داری کو نئے مرحلے میں داخل کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے جی ایس پی پلس کے معاملے پر آسٹریا کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تجارت، تعلیمی تبادلوں، فنی تربیت، نقل و حمل اور ہنر مند افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے غیر قانونی ہجرت کے خاتمے اور ہنر مند پاکستانی نوجوانوں کو آسٹریا میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ملک ہے اور سیاحت کے شعبے میں بھی مشترکہ کوششوں کی گنجائش موجود ہے۔

آخر میں شہباز شریف نے چانسلر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ انہیں وہاں پرتپاک استقبال ملے گا۔ ویانا میں یہ ملاقات نہ صرف سفارتی اہمیت رکھتی تھی بلکہ جرمن زبان میں خطاب نے اسے مزید خاص بنا دیا۔