لاہور: حکومت پنجاب نے ماہِ رمضان کے دوران صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کردیا ہے۔
اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے 16 فروری کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق رمضان المبارک کے دوران تمام سرکاری و نجی اسکول مقررہ نظرِ ثانی شدہ اوقات کے مطابق کام کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات تک صبح 8 بج کر 30 منٹ سے دوپہر 1 بجے تک کھلے رہیں گے جب کہ جمعہ کے روز تعطیل کا وقت 12 بج کر 30 منٹ مقرر کیا گیا ہے۔
ڈبل شفٹ اسکولوں میں پہلی شفٹ پیر سے جمعرات صبح 8 بج کر 30 منٹ سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک جاری رہے گی جب کہ دوسری شفٹ انہی دنوں دوپہر 1 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔
جمعہ کے روز دوسری شفٹ دوپہر 2 بج کر 30 منٹ سے شام 5 بجے تک چلے گی۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ گرلز اسکول مقررہ اوقات سے 15 منٹ پہلے کھلیں گے اور 15 منٹ پہلے ہی بند ہوں گے۔
یہ نیا شیڈول رمضان المبارک کے پورے مہینے تک نافذ العمل رہے گا تاکہ روزہ رکھنے والے طلبہ اور اساتذہ کو سہولت فراہم کی جاسکے۔

















