حکومت نے رواں سال کے لیے زکوٰۃ کی کٹوتی کا نصاب جاری کر دیا ہے۔
وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی جانب سے جاری کردی نوٹیفیکیشن کے مطابق رواں برس زکوٰۃ کی حد 5 لاکھ 3 ہزار 529 روپے مقرر کی گئی ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر یکم رمضان المبارک کو کسی صارف کے سیونگ یا منافع و نقصان میں شراکت والے اکاؤنٹ میں موجود رقم اس مقررہ حد سے کم ہوگی تو اس سے زکوٰۃ نہیں کاٹی جائے گی۔
نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا کہ زکوٰۃ کٹوتی 19 یا 20 فروری کو متوقع ہے، مقررہ تاریخ پر تمام متعلقہ اکاؤنٹس سے خودکار کٹوتی عمل میں لائی جائے گی اور جمع ہونے والی رقم اسٹیٹ بینک کے مرکزی زکوٰۃ اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی تاکہ بعد ازاں مستحقین میں تقسیم کی جا سکے۔
اس اقدام کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا اور زکوٰۃ کے نظام کو منظم انداز میں چلانا ہے۔
یاد رہے کہ یکم رمضان کو ملک بھر کے بینک عوامی لین دین کے لیے بند رہتے ہیں کیونکہ اسی روز زکوٰۃ کی کٹوتی کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کی صورتحال پیشگی چیک کر لیں تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔

















