Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

طاقتور پاسپورٹس کی نئی فہرست جاری، پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری

جنوری میں جاری فہرست میں پاکستان کمزور ترین پاسپورٹس میں چوتھے نمبر پر تھا۔

2026 کے دوسرے مہینے کے لیے دنیا بھر کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی تازہ فہرست جاری کردی گئی ہے جس میں پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے فروری 2026 کے لیے جاری کردہ انڈیکس میں ایشیائی ممالک نے نمایاں برتری حاصل کی۔ سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا جس کے حامل افراد 192 ممالک میں ویزا فری سفر کرسکتے ہیں۔

دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹس رہے جن کے ذریعے 187 ممالک میں بغیر ویزا سفر ممکن ہے۔ تیسرے نمبر پر سویڈن اور متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر موجود ہیں جن کے حامل افراد کو 186 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ تیسرے طاقتور ترین پاسپورٹ کے طور پر سامنے آیا ہے جب کہ چوتھے نمبر پر ڈنمارک، لکسمبرگ، اسپین، آسٹریا، بیلجیئم، آئرلینڈ، اٹلی، فرانس، جرمنی، ناروے، فن لینڈ، نیدرلینڈز اور سوئٹزرلینڈ کے پاسپورٹس رہے جن سے 185 ممالک میں ویزا فری داخلہ ممکن ہے۔

پانچویں نمبر پر آسٹریا، پرتگال، یونان اور مالٹا کے پاسپورٹس آئے جن کے ذریعے 184 ممالک میں بغیر ویزا سفر کیا جاسکتا ہے۔

پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں بہتری

جنوری میں جاری فہرست میں پاکستان کمزور ترین پاسپورٹس میں چوتھے نمبر پر تھا تاہم فروری کی فہرست میں اس کی درجہ بندی میں ایک درجے بہتری دیکھی گئی۔

تازہ انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ 97 ویں نمبر پر آگیا ہے اور اس کے حامل افراد 32 ممالک میں ویزا فری داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔

فہرست کے مطابق یمن 98 ویں نمبر پر ہے جب کہ عراق 99، شام 100 اور افغانستان 101 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان سے اوپر صومالیہ 96 ویں، نیپال 95 ویں، شمالی کوریا 94 ویں، بنگلادیش 93 ویں اور اریٹیریا 92 ویں نمبر پر رہے جب کہ فلسطین، شمالی کوریا اور سری لنکا کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر 91 ویں نمبر پر شامل ہیں۔

علاقائی سطح پر بھارت 80 ویں، چین 59 ویں، ایران 92 ویں جب کہ سعودی عرب کا پاسپورٹ 54 ویں نمبر پر رہا۔

تازہ فہرست سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی سفری آزادی کے میدان میں ایشیائی ممالک بدستور نمایاں مقام رکھتے ہیں جب کہ پاکستان کی درجہ بندی میں معمولی بہتری مثبت پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔