سوئی سدرن گیس کمپنی نے رمضان 2026 (1447 ہجری) کے دوران اپنے صارفین کو سحری اور افطار کے پکوان تیار کرنے کے لیے گیس کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے صارفین کو بہتر پریشر کے ساتھ گیس فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق رمضان میں گیس کی فراہمی صبح 3:00 بجے (سحری سے قبل) سے رات 10:30 بجے تک جاری رہے گی تاکہ صارفین سحری اور افطار کے پکوان آسانی سے تیار کرسکیں۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ ہر سال ملکی گیس کے ذخائر میں تقریباً دس فیصد کمی کی وجہ سے گیس کی رسد محدود ہوجاتی ہے لیکن حکومتِ پاکستان نے سوئی سدرن کو رمضان میں اضافی گیس فراہم کرنے کی اجازت دی ہے تاکہ ضرورت کے مطابق گیس فراہم کی جاسکے۔
سوئی سدرن کا کہنا تھا کہ صارفین اگر گیس کی فراہمی یا کم پریشر کی شکایت محسوس کریں تو وہ 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 1199، سوئی سدرن کی موبائل ایپ یا قریبی کسٹمر فیسلٹیشن سینٹر کے ذریعے اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ چونکہ سحری اور افطار کے وقت بیک وقت لاکھوں چولہوں میں گیس استعمال ہوتی ہے، سوئی سدرن صارفین سے درخواست کرتی ہے کہ وہ گیس کا ذمہ دارانہ استعمال کریں اور بلا ضرورت چولہا نہ جلائیں تاکہ ہر صارف کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس میئسر ہو۔
سوئی سدرن نے کہا کہ گیس کمپریسر کا غیر قانونی استعمال نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ یہ ہمسایوں کو گیس سے محروم بھی کرسکتا ہے۔ صارفین اپنی اخلاقی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے ایسے افراد کے بارے میں سوئی سدرن کو 1199 پر اطلاع دیں۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کا مزید کہنا تھا ایسے افراد کے خلاف کمپنی سخت قانونی کارروائی کرے گی جس میں جرمانہ، قید اور طویل مدت کے لیے گیس کنکشن منقطع کرنا شامل ہے۔



















