کراچی کے علاقے سولجر بازار گل رعنا کالونی میں گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے سے گراؤنڈ پلس تھری عمارت منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق واقعہ سحری کے وقت رات 3 بج کر 47 منٹ پر پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے فوراً بعد گرد و غبار کا بادل اٹھا اور چند ہی لمحوں میں اہل علاقہ گھروں سے باہر نکل آئے اور متاثرہ عمارت کی جانب دوڑ پڑے۔
پولیس کے مطابق عمارت نمبر 34 غیرقانونی طور پر 40 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پوری عمارت ٹی آر گارڈر اور نائیلون کے استعمال سے کھڑی کی گئی تھی جبکہ گیس کنکشن بھی پلاسٹک پائپ کے ذریعے ناقص انداز میں لگایا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق پہلی منزل کے رہائشی شاہد کی اہلیہ زیب النساء سحری کے لیے تقریباً 3 بج کر 30 منٹ پر بیدار ہوئیں۔ چولہا جلانے کے دوران کمرے میں پہلے سے جمع گیس نے آگ پکڑ لی، جس سے زور دار دھماکا ہوا اور بالائی تین منزلیں بھی زمین بوس ہوگئیں۔
پولیس نے پلاٹ کے مالک اور بلڈر محمد ارشاد کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف سولجر بازار تھانے میں سب انسپکٹر خالد محمود کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم نے 2007-08 کے دوران عمارت غیرقانونی طور پر تعمیر کی اور گیس لائن بھی ناقص طریقے سے نصب کی، جو مجرمانہ غفلت کے زمرے میں آتا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے کو بم ڈسپوزل یونٹ سے بھی چیک کروایا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔



















