وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا میں اٹک اور صوابی میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 14 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کا مرکز اٹک کے علاقے برہان سے تقریباً 11 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔
زلزلے کے بعد عوام میں خوف وہراس پھیل گیا، تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا تھا، جہاں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع سمیت وفاقی دارالحکومت میں بھی زمین لرز اٹھی۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت لاہور اور سرگودھا میں محسوس کیے گئے تھے۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، بونیر، مردان، نوشہرہ، صوابی، مالاکنڈ، سوات، لوئر دیر، چترال اور ایبٹ آباد جبکہ خیبر، باڑہ، جمرود، لنڈی کوتل اور تیراہ میں بھی زلزلے نے لوگوں کو گھروں اور دفاتر سے باہر نکلنے پر مجبور کردیا تھا۔



















