کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد حیدری بلاک جی میں واقع ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک 15 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ خاتون اور بچی سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکا نویں منزل پر واقع فلیٹ میں ہوا جس کے بعد آگ نے دسویں منزل کے چاروں فلیٹس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ فلیٹس کی دیواریں بھی متاثر ہوئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ سحری کا وقت ختم ہونے سے کچھ دیر قبل لگی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گیس لیکج اور سلنڈر پھٹنے کے باعث پیش آیا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچیں، اسنارکل بھی طلب کیا گیا اور آگ پر قابو پا کر کولنگ کا عمل شروع کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق بچے کی شناخت 15 سالہ برہان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں 30 سالہ فاطمہ، 4 سالہ انسیہ، 70 سالہ تسنیم اور 40 سالہ ہنید شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں موجود دیگر تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے پولیس کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور ریسکیو کارروائی کی نگرانی کی ہدایت کی جبکہ ایس ایس پی سینٹرل کو متاثرہ عمارت اور اطراف کے علاقے کو محفوظ بنانے کا حکم دیا گیا۔
ڈی سی سینٹرل طحہٰ سلیم کے مطابق ٹیکنیکل ٹیم کی کلیئرنس کے بعد ہی مکینوں کو عمارت میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی، اس مقصد کے لیے ایس بی سی اے کی ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرچنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور ریسکیو آپریشن ختم ہوچکا ہے، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔



















