Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فاروق ستار نے اختیارات کے ناجائز استعمال کو سانحہ گل پلازہ کی وجہ قرار دے دیا

سانحے کے بعد سب سے پہلے گورنر سندھ کامران ٹیسوری موقع پر پہنچے، فاروق ستار

کراچی: ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اختیارات کے ناجائز استعمال کو سانحہ گل پلازہ کی وجہ قرار دے دیا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گل پلازہ سانحہ کو پیپلز پارٹی کی بدترین کارکردگی کی مثال قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال اور انتظامی نااہلی اس افسوسناک واقعے کی بنیادی وجوہات ہیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ حکومت کو انسانی جانوں کی کوئی پرواہ نہیں اور شہریوں کے ساتھ کیڑے مکوڑوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں ناقص حکمرانی کے باعث ایسے سانحات جنم لے رہے ہیں جن کا خمیازہ عام لوگ بھگتتے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ کمیشن کی انکوائری انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہونی چاہیے تاکہ ذمہ داروں کا تعین ہوسکے۔ محض رسمی کارروائیاں عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہوں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سانحے کے بعد سب سے پہلے گورنر سندھ کامران ٹیسوری موقع پر پہنچے جو متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کا عملی ثبوت ہے۔

فاروق ستار نے جماعت اسلامی کی خاموشی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس اہم معاملے پر دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی واضح مؤقف دینا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

متعلقہ خبریں