کراچی: شہر قائد میں 19 فروری سے 22 فروری تک آتشزدگی کے 34 واقعات رپورٹ ہوئے جس میں مجموعی طور پر خواتین اور بچوں سمیت 19 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ان واقعات میں رہائشی عمارتیں، فیکٹریاں، گودام، دکانیں اور گاڑیاں متاثر ہوئیں۔
19 فروری کو ہونے والے واقعات
19 فروری کو شہر کے مختلف علاقوں میں آگ اور ریسکیو کے 9 واقعات رپورٹ ہوئے۔ صدر میں اسٹوڈنٹ بریانی ریسٹورنٹ کے قریب ایک گودام میں آگ بھڑک اٹھی جب کہ سائٹ ایریا میں نورانی مسجد مواچھ گوٹھ کے قریب فیکٹری میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔
علاوہ ازیں 19 فروری کو گل رعنا کالونی، سولجر بازار کے قریب گیس لیکج دھماکے سے تین منزلہ عمارت گرگئی جہاں ریسکیو آپریشن کیا گیا۔
منظور کالونی میں شہید ملت روڈ پر رہائشی فلیٹ، اورنگی ٹاؤن میں فردوس مسجد عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب فیکٹری، گلستان جوہر بلاک 15 میں رہائشی مکان اور سفاری پارک کے پلے ایریا میں بھی آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔
سائٹ ایریا میں ولیکا اسپتال کے قریب فیکٹری اور کورنگی میں شاہ فیصل کالونی کے قریب بجلی کی کیبل میں بھی آگ لگی۔
20 فروری کو ہونے والے واقعات
20 فروری کو 11 آتشزدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ لیاری میں کھوجہ جماعت خانہ کے قریب لی مارکیٹ میں گیراج میں آگ بھڑکی جب کہ منظور کالونی، شاہ لطیف ٹاؤن نیشنل ہائی وے، نارتھ کراچی، ملیر، کورنگی، صدر اور سائٹ ایریا میں مختلف نوعیت کی آگ لگنے کے واقعات سامنے آئے۔
جھاڑیوں، دکان، کچرے، گیس لائن اور فیڈ فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاعات ملیں۔ فائر بریگیڈ کو دن بھر میں 11 کالز موصول ہوئیں اور تمام مقامات پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا گیا۔
21 فروری کو ہونے والے واقعات
21 فروری کو شہر کے مختلف علاقوں میں 10 واقعات پیش آئے۔ ناظم آباد کے گول مارکیٹ، کورنگی صنعتی علاقے میں فیکٹری، ملیر کے کالا بورڈ کے قریب دکان، اللہ والا ٹاؤن کورنگی اور گارڈن ایسٹ میں رہائشی مکانات میں آگ لگی۔
شاہ فیصل کالونی، لانڈھی کے گودام اور قائد آباد لانڈھی میں بسوں میں آگ لگنے کے واقعات بھی شامل تھے۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے تمام مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے صورت حال کو قابو میں رکھا۔
22 فروری کو ہونے والے واقعات
22 فروری کی رپورٹ کے مطابق چار واقعات رپورٹ ہوئے۔ نارتھ ناظم آباد میں حیدری مارکیٹ کے قریب رہائشی فلیٹ میں آگ سے دو افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔
گلشن معمار میں پولیس چوکی کے قریب گاڑی، منظور کالونی میں محمود آباد گیٹ کے قریب گاڑی اور ایکسپورٹ پراسیسنگ زون لانڈھی میں کمپنی میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے، جہاں فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کی۔
حکام کے مطابق تمام مقامات پر آگ پر قابو پالیا گیا تاہم حالیہ دنوں میں پیش آنے والے مسلسل واقعات نے شہریوں میں تشویش پیدا کردی ہے۔


















