محکمہ موسمیات نے فلکیاتی جائزے کی بنیاد پر عندیہ دیا ہے کہ اس سال پاکستان میں عیدالفطر ایک دن بعد ہونے کا قوی امکان ہے کیونکہ شوال کا چاند پہلے ممکنہ دن نظر آنے کی توقع نہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شوال 1447 ہجری کا نیا چاند 19 مارچ 2026 کو شام 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ 19 مارچ کی شام جو 29 رمضان ہوگی، اس وقت چاند کی عمر مختلف موسمیاتی مراکز پر تقریباً 12 سے 13 گھنٹے ہوگی جو عام طور پر رویت کے لیے موزوں نہیں سمجھی جاتی۔
ادارے کے تجزیے کے مطابق 19 مارچ کی شام شوال کا چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں جس کے باعث رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ یہ اندازہ فلکیاتی حساب پر مبنی ہے جب کہ عیدالفطر کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ رمضان المبارک کا چاند 18 فروری 2026 کو نظر آیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں پہلا روزہ 19 فروری کو رکھا گیا تھا۔


















