وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر حج آپریشنز کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت وزارتِ مذہبی امور اور وزارتِ آئی ٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے۔
تقریب میں وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
ایم او یو پر جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق نے دستخط کیے۔
وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق حج کے عمل کو مزید شفاف اور سہل بنایا جا رہا ہے اور ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے غیر ضروری تاخیر اور انسانی غلطیوں کا خاتمہ ہوگا، جبکہ اس اقدام سے بین الاقوامی معیار کے اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ آئندہ سال حج درخواست سے لے کر وطن واپسی تک اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت درخواست گزاروں کے لیے سادہ اور آسان فہم آن لائن حج پورٹل قائم کیا جائے گا۔
ایم او یو کے مطابق پاک حج موبائل ایپ کو مزید بہتر اور صارف دوست بنایا جائے گا، جبکہ نئے پورٹل کے ذریعے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطہ اور سعودی عرب کی مقررہ ٹائم لائنز کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔















